انسٹاگرام کا عالمی بریک ڈاؤن: پاکستان سمیت دنیا بھر میں سروسز معطل، میسجنگ سسٹم بری طرح متاثر

اسلا م آ باد (رم نیوز)دنیا بھر میں مقبول ترین فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے لاکھوں صارفین کو آج صبح سے شدید مشکلات کا سامنا ہے، کیونکہ ایپ کی سروسز پاکستان سمیت دنیا کے کئی بڑے ممالک میں اچانک ڈاؤن ہو گئی ہیں۔ اس خرابی نے سب سے زیادہ انسٹاگرام کے میسجنگ سسٹم کو متاثر کیا ہے، جہاں صارفین نہ تو نئے پیغامات بھیج پا رہے ہیں اور نہ ہی موصول کر پا رہے ہیں۔ ویب سائٹس کی نگرانی کرنے والے ادارے 'ڈاؤن ڈیٹیکٹر' کے مطابق، پاکستان میں صبح 7 بج کر 10 منٹ پر شکایات موصول ہونا شروع ہوئیں۔ اب تک 13,000 سے زائد باضابطہ شکایات درج کرائی جا چکی ہیں، جن میں 71 فیصد شکایات ایپ کے مکمل طور پر کام نہ کرنے سے متعلق ہیں۔

یہ مسئلہ صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ امریکہ، کینیڈا، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کے کئی ممالک میں بھی صارفین کو ایپ تک رسائی اور فیڈ لوڈ کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے۔ انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا کی جانب سے تاحال اس تعطل کی اصل وجہ یا بحالی کے وقت کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث صارفین میں بے چینی پائی جاتی ہے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کو خدشہ ہے کہ یہ مسئلہ سرور پر غیر معمولی بوجھ یا کسی بڑے تکنیکی نقص کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔ میٹا کے ردعمل کا انتظار کرتے ہوئے صارفین نے اپنی شکایات کے اظہار کے لیے متبادل سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا رخ کر لیا ہے۔