سید نہال ہاشمی آج گورنر سندھ کا حلف اٹھائیں گے، ایم کیو ایم پاکستان کا وفاقی حکومت سے علیحدگی پر غور

کراچی (رم نیوز)سید نہال ہاشمی آج گورنر سندھ کا حلف اٹھائیں گے۔اس معاملے کی وجہ سے ایم کیو ایم پاکستان کا وفاقی حکومت سے علیحدگی پر غور کررہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما سید نہال ہاشمی آج شام 6 بجے سندھ کے 35 ویں گورنر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس ظفر راجپوت ان سے حلف لیں گے، جس میں وزیراعلیٰ مراد علی شاہ اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوں گی۔آئینی تعیناتی: صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر آرٹیکل 48 اور 101 کے تحت نہال ہاشمی کی تعیناتی کی منظوری دی۔

نہال ہاشمی کا کہنا ہے کہ وہ آئینی دائرے میں رہ کر بلاتفریق عوام کی خدمت کریں گے اور جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے فیصلے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گورنر کا عہدہ ان کی پارٹی سے چھیننا ناقابل قبول ہے، جس کی وجہ سے وہ وفاقی حکومت سے علیحدگی پر غور کر سکتے ہیں۔ ایم کیو ایم ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت نے اس اہم فیصلے پر اتحادی جماعت کو اعتماد میں نہیں لیا، جس پر پارٹی اپنی آئندہ حکمت عملی جلد طے کرے گی۔