واشنگٹن/لندن (رم نیوز)عالمی معیشت بحران کا شکار ہے اور برینٹ کروڈ 100 ڈالر سے متجاوز کرگیاہے اس وجہ سے تیل کی یومیہ سپلائی میں ایک کروڑ بیرل کی کمی ہوگئی ہے۔ مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری براہِ راست جنگ کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ خام تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے نے گزشتہ کئی سالوں کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔
عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ کی قیمت 9.2 فیصد اضافے کے ساتھ 100.46 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی ہے۔امریکی مارکیٹ میں خام تیل 9.7 فیصد مہنگا ہونے کے بعد 95.73 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔عالمی توانائی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ جنگ کی وجہ سے سپلائی چین مکمل طور پر مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔خام تیل کی پیداوار میں 80 لاکھ بیرل یومیہ کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی میں مزید 20 لاکھ بیرل یومیہ کی کمی کے بعد مجموعی طور پر مارکیٹ سے ایک کروڑ بیرل تیل غائب ہو چکا ہے۔جنگی حالات کے پیشِ نظر خلیجی ممالک نے اپنی پیداوار میں کمی کر دی ہے، جس سے عالمی منڈی میں تیل کی قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ صورتحال کی سنگینی کو بھانپتے ہوئے بین الاقوامی بحری تنظیم نے 18 اور 19 مارچ کو لندن میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے تاکہ سمندری راستوں کی حفاظت اور سپلائی کی بحالی پر غور کیا جا سکے۔