کراچی/ کوئٹہ (رم نیوز) محکمہ موسمیات نے شہرِ قائد کے باسیوں کو گرمی کی شدت میں اضافے کی نوید سناتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آج شہر کا درجہ حرارت معمول سے بڑھ سکتا ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے بیشتر حصوں میں موسم اب بھی سرد اور خشک ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 52 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مشرق کی سمت سے 4 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی۔ شہر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت 22.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جبکہ آج دن بھر موسم خشک رہے گا۔ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود ہے، جہاں موسم خشک اور ہلکا سرد ہے۔ بلوچستان کے شمالی اضلاع میں سردی کی لہر برقرار ہے جبکہ جنوبی اضلاع میں موسم معتدل اور دیگر بیشتر حصوں میں خشک رہنے کی پیش گوئی ہے۔