کوئٹہ(رم نیوز) پاکستان ریلوے نے مسافروں کی شدید کمی کے باعث کوئٹہ اور کراچی کے درمیان چلنے والی مقبول ٹرین بولان میل کی سروس کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق بولان میل نے آج کوئٹہ سے کراچی کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم بکنگ نہ ہونے اور مسافروں کی قلت کی وجہ سے ٹرین کو روک دیا گیا۔
اب یہ ٹرین 16 مارچ کو اپنے مقررہ وقت پر کوئٹہ سے کراچی کے لیے روانہ ہوگی۔ ٹرین کی اچانک روانگی منسوخ ہونے سے ان مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے اسٹیشن کا رخ کر رکھا تھا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشنل اخراجات کے مقابلے میں مسافروں کی کم تعداد کے باعث ٹرین چلانا ممکن نہیں تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان ریلویز ملک بھر میں اکثر مسافروں کی کمی یا تکنیکی وجوہات کی بنا پر مختلف ٹرینوں کو عارضی طور پر معطل کرتا رہتا ہے۔