مشرقِ وسطیٰ میں جنگی بساط: امریکہ کا 5 ہزار فوجی اور جنگی بیڑے تعینات کرنے کا بڑا اعلان

واشنگٹن (رم نیوز)مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ نے 5 ہزار فوجی اور جنگی بیڑے تعینات کرنے کا بڑا اعلان کیا ہے۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری حالیہ تنازع کے پیشِ نظر، امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں اپنی عسکری قوت کو غیر معمولی طور پر بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے خطے میں مزید 5 ہزار میرینز اور جدید ترین جنگی بحری جہاز روانہ کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔

امریکی اخبار 'دی وال سٹریٹ جرنل' کے مطابق، یہ تعیناتی امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کی اس خفیہ رپورٹ کے بعد کی جا رہی ہے جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ایران آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی بحری تجارت کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ سینٹکام نے خطے میں امریکی مفادات اور اتحادیوں کے تحفظ کے لیے فوری کمک کا مطالبہ کیا تھا۔ اس مشن کا بنیادی مقصد آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہازوں کو ایرانی حملوں اور زیرِ سمندر بارودی سرنگوں (Mines) سے محفوظ رکھنا ہے۔