بغداد (رم نیوز)بغداد میں امریکی سفارت خانے پر راکٹ حملہ ہوا ہے اس کے بعد ہیلی پیڈ پر دھماکوں کے بعد فضا میں دھواں بلند ہے۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں واقع امریکی سفارت خانے پر علی الصبح میزائل حملہ کیا گیا ہے۔ حملے کے نتیجے میں سفارتی کمپاؤنڈ کے اندر زوردار دھماکے ہوئے، جس کے بعد عمارت سے دھوئیں کے سیاہ بادل اٹھتے ہوئے دیکھے گئے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' (AP) نے عراقی سکیورٹی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے سفارتی کمپاؤنڈ کے اندر موجود ہیلی پیڈ کو نشانہ بنایا ہے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ میزائلوں کے ذریعے کیا گیا، تاہم سکیورٹی ذرائع اس بات کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا اس کارروائی میں بارود بردار ڈرونز کا استعمال تو نہیں کیا گیا۔
حملے کے فوری بعد سفارت خانے میں نصب خطرناک صورتحال کے سائرن بج اٹھے اور عملے کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاحال حملے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی قطعی تفصیلات سامنے نہیں آئیں، تاہم امریکی دفاعی نظام نے حملے کو روکنے کے لیے جوابی کارروائی بھی کی۔