اسلامو فوبیا کے سدِباب کیلئے محض بیانات کافی نہیں، ٹھوس عالمی کارروائی کی ضرورت ہے: پاکستان

نیویارک (رم نیوز)قوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب اور اسلامو فوبیا کور گروپ کے سربراہ عاصم افتخار احمد کا کہنا ہے کہ اسلامو فوبیا کے سدِباب کیلئے محض بیانات کافی نہیں، ٹھوس عالمی کارروائی کی ضرورت ہے۔ عاصم افتخار احمد نے عالمی برادری کو جھنجھوڑتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا جیسے سنگین چیلنج سے نمٹنے کے لیے اب عملی اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ جنرل اسمبلی میں 'اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن' کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے زور دیا کہ کسی بھی معاشرے یا فرد کو اس کے عقیدے کی بنیاد پر نشانہ بنانا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ مذہب کی آزادی ہر انسان کا فطری اختیار ہے جس کا احترام عالمی برادری پر لازم ہے۔ پاکستانی مندوب نے اسلامو فوبیا کے پیچھے چھپے عوامل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام کے خلاف دانستہ طور پر پھیلائی جانے والی غلط معلومات (Misinformation) اس نفرت کی اصل جڑ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منظم پراپیگنڈے کے ذریعے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا جا رہا ہے، جو عالمی امن کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے۔ عاصم افتخار نے اپنے خطاب کے اختتام پر مطالبہ کیا کہ دنیا بھر کے ممالک مل کر ایسے اقدامات کریں جن سے مذہبی منافرت کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو سکے اور ایک پرامن بقائے باہمی کا معاشرہ تشکیل پائے۔