بیروت/لندن (رم نیوز) عالمی طاقتوں نے لبنان میں اسرائیلی زمینی کارروائی کے خلاف انتباہ کرتے ہوئے حزب اللہ سے غیر مسلح ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے سربراہانِ مملکت نے لبنان کی صورتحال کو "انتہائی تشویشناک" قرار دیتے ہوئے اسرائیل اور حزب اللہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر ایک 'پائیدار سیاسی حل' کے لیے مذاکرات کی میز پر آئیں۔ اعلامیے میں حزب اللہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل پر حملے بند کر کے غیر مسلح ہو جائے۔ یورپی رہنماؤں نے حزب اللہ کے ایران کی جنگ میں فریق بننے کے فیصلے کی بھی سخت مذمت کی اور اسے خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے
یہ بیان بیروت میں رات بھر ہونے والی اسرائیلی بمباری کے تناظر میں سامنے آیا ہے، جہاں شہر کے جنوبی علاقوں میں فضائی حملوں کے باعث بڑی تعداد میں شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔ پانچوں ممالک کے رہنماؤں نے ایک مشترکہ بیان میں اسرائیل کو خبردار کیا کہ لبنان پر بڑے پیمانے پر زمینی حملہ انسانی لحاظ سے تباہ کن ثابت ہوگا اور اس سے خطے میں ایک نہ ختم ہونے والی جنگ چھڑ سکتی ہے۔ عالمی طاقتوں کا کہنا ہے کہ مزید خونریزی روکنے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کرنا لازمی ہے۔