عیدالفطر سکیورٹی: پنجاب بھر میں 'تھری ٹئیر' سکیورٹی پلان نافذ، اسلحہ کی نمائش پر پابندی

لاہور (رم نیوز) عیدالفطر پر پنجاب بھر میں 'تھری ٹئیر' سکیورٹی پلان نافذ کیاگیا ہے اور اسلحہ کی نمائش پر پابندی لگادی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالفطر کے لیے جامع سکیورٹی گائیڈ لائنز جاری کی ہیں۔ مراسلے کے مطابق نمازِ عید کے اجتماعات کے لیے تین درجاتی سکیورٹی حصار قائم کیا جائے گا اور تمام عبادت گاہوں کی سی سی ٹی وی کیمروں و میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے کڑی نگرانی کی جائے گی۔ خواتین نمازیوں کے لیے لیڈی پولیس اہلکار تعینات ہوں گی، جبکہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی سخت نگرانی کی جائے گی۔اسلحہ کی نمائش، لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال اور نفرت انگیز تقاریر پر فوری کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کر کے انہیں مرکزی کنٹرول روم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔