عالمی برادری بربریت اور تسلط کے خلاف ایران کا ساتھ دے، مسلح افواج ہر چیلنج کے لیے تیار ہیں: اسماعیل بقائی

تہران (رم نیوز) ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ اگر دنیا واقعی بربریت اور تسلط پسندی کے نظام کو مسترد کرتی ہے، تو اسے ایران کے حق میں آواز بلند کرنی چاہیے۔اپنے ایک اہم بیان میں ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی ممکنہ منظر نامے اور جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ ایران کے خلاف دشمنی کرنے والوں اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے والوں کو سخت ترین سزا دی جائے گی۔ اسماعیل بقائی نے زور دیا کہ دنیا کو اب صرف بیانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے کہ جارح قوتیں دنیا کو لاقانونیت اور محکومیت کے اندھیروں میں دھکیل دیں، عالمی طاقتوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ سفارتی محاذ پر ایران کی سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی جلد بھارت کا دورہ کریں گے۔ وہ وہاں منعقد ہونے والی برکس سمٹ میں شرکت کریں گے، جس کا مقصد اہم علاقائی و عالمی فورمز پر ایران کے موقف کو موثر طریقے سے پیش کرنا ہے۔