راولپنڈی، ٹریفک وارڈنز اب ویڈیو ثبوت کے بغیر چالان نہیں کر سکیں گے؛ جدید 'ون ایپ' سسٹم فعال

راولپنڈی (رم نیوز) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے روایتی چالان سسٹم کو ختم کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی ’’ون ایپ‘‘ متعارف کروا دی ہے۔ اس نئے نظام کا مقصد ٹریفک قوانین کے نفاذ میں انسانی مداخلت کم کرنا اور سو فیصد شفافیت لانا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، اس نئے ڈیجیٹل سسٹم کی خاص بات یہ ہے کہ اب ہر چالان کے ساتھ قانون شکنی کی ویڈیو ریکارڈنگ منسلک ہوگی۔ ٹریفک وائلیشن کی ویڈیو محفوظ اور قابلِ تصدیق ہوگی، جس سے شہریوں اور پولیس کے درمیان تکرار کا خاتمہ ہوگا۔

موقع پر ہی شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، گاڑی کی ملکیت اور روٹ پرمٹ کی فوری آن لائن تصدیق کی جا سکے گی۔ یہ ایپ پولیس کے مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک ہے، جس کے ذریعے کسی بھی فرد کا مجرمانہ ریکارڈ یا ایف آئی آر کا اسٹیٹس فوری چیک کیا جا سکتا ہے۔ شہریوں کو چالان کی تفصیلات اور ادائیگی کا طریقہ کار کیو آر کوڈ کے ذریعے ان کے فون پر ہی موصول ہو جائے گا۔یہ ڈیجیٹل سسٹم محض ٹریفک تک محدود نہیں، بلکہ سڑکوں پر تجاوزات قائم کرنے والوں اور دھواں چھوڑ کر ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف بھی اسی ایپ کے ذریعے کارروائی کی جائے گی۔